ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہماچل پردیش میں شدید بارش اور لینڈ سلائڈنگ سے مچ گئی تباہی،مرنے والوں کی تعدادبڑھ کر ہوئی 56

ہماچل پردیش میں شدید بارش اور لینڈ سلائڈنگ سے مچ گئی تباہی،مرنے والوں کی تعدادبڑھ کر ہوئی 56

Wed, 16 Aug 2023 13:11:20    S.O. News Service

شملہ، 16/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی)  ہماچل پردیش میں شدید بارش، بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی ہے۔ذرائع کی مانیں تو ریاست کے  شملہ میں  حالات سب سے زیادہ خراب  ہیں  جبکہ بارش سے ریاست میں  مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 56 ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ  کرشنا نگر علاقہ میں تقریباً آٹھ مکانات منہدم ہو گئے اور ایک سلاٹر ہاؤس ملبے تلے دب گیا۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق تازہ لینڈ سلائڈنگ کے بعد دو لاشیں نکالی گئی ہیں۔  جبکہ پیر سے اب تک کل 19 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ ان میں سے 12 سمر ہل میں شیو مندر کے مقام سے،  5 پھاگلی میں اور دو کرشنا نگر سے برآمد ہوئی  ہیں۔ شیو مندر کے مقام پر اب بھی 10 سے زائد افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ موسم کی خرابی کے پیش نظر آج ریاست کے تمام اسکول اور کالج بند ہیں۔

ریاست میں مانسون کے دوران بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے کل 170 واقعات پیش آئے ہیں۔ اس دوران تقریباً 9600 مکانات کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا ہے۔ بارش سے ہوئے نقصانات کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ  سکھوندر سنگھ سکھو نے منگل کو ایک جائزہ میٹنگ طلب کی جس میں انہوں نے بجلی اور واٹر سپلائی ا سکیموں کو بحال کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں ہونے والی بارشوں میں تقریباً 157 فیصد اضافے کی وجہ سے پوری ریاست میں بھاری نقصان ہوا ہے۔

 وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ طوفانی بارشوں سے متاثر ہونے والی بجلی اور پانی کی سپلائی اسکیموں کو تیزی سے بحال کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے شملہ میں نکاسی آب کے نظام کو مضبوط بنانے اور پرانے نالوں کی تزئین و آرائش پر بھی  زور دیتے ہوئے ااس حوالے سے تفصیلی پراجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کا بھی حکم دیا ہے

اسٹیشن ماسٹر جوگندر سنگھ کے مطابق شملہ سے تقریباً 6 کلومیٹر پہلے سمر ہل کے قریب کنکریٹ کا پل مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ اس ہیریٹیج ریل روٹ کو 5 یا 6 مقامات پر نقصان پہنچا  جبکہ  سب سے زیادہ نقصان شملہ اور شوگھی کے درمیان ہوا ہے۔ ریاست کے 12 میں سے 11 اضلاع میں 857 سڑکوں پر ٹریفک بند ہے اور 4,285 ٹرانسفارمر اور 889 واٹر سپلائی اسکیموں میں خلل پڑا ہے۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق، 22 جون سے 14 اگست تک مانسون کے موسم میں ریاست کو 7,171 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔


Share: